ملت اسلامیہ نے 12 تا 17 ربیع الاول، ہفتہ وحدت منانے کا فیصلہ کیا ہے، علامہ رمضان توقیر

IQNA

ملت اسلامیہ نے 12 تا 17 ربیع الاول، ہفتہ وحدت منانے کا فیصلہ کیا ہے، علامہ رمضان توقیر

9:35 - December 19, 2015
خبر کا کوڈ: 3465690
بین الاقوامی گروپ: ڈی آئی خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر نے کہا ہے کہ علامہ ابراہیم زکزکی کے گھر پر نائیجرین آرمی نے حملہ کیا، ان کی زوجہ اور دونوں بیٹوں کو شہید کر دیا اور انہیں گرفتار کیا، ہماری حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ علامہ ابراہیم زکزکی کی رہائی کیلئے سرکاری سطح پر نائیجیرین حکومت سے بات کی جائے۔

ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ سانحہ پارہ چنار انتہائی قابل مذمت اور بزدلانہ فعل ہے۔ ہمیں یوں محسوس ہو رہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے ملت تشیع کیلئے خاطر خواہ نتائج تاحال حاصل نہیں ہوئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان پرامن اور محب وطن لوگ ہیں اور امن پسندی کی وجہ سے ہمیں دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم نے ہمیشہ اپنوں کے لاشے اٹھائے ہیں، مگر امن پسندی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ نے بارہ ربیع الاول سے سترہ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ملک میں باہمی وحدت اور بھائی چارے کی فضا کو پروان چڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی مسلمہ حقیقت ہے کہ نبی کریم (ص) کی ذات مبارکہ مسلمانان عالم کے لئے نقطہ وحدت ہے۔ حضور اکرم (ص) وحدت کا پیغام لائے تھے، امت کی بقا ہی وحدت ہی میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ہمیں تقسیم کرنا اور باہم لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور آرمی پبلک سکول کے شہداء ہماری یادوں میں بستے ہیں۔ ہم مظلوم لوگ ہیں اور شہداء کے ورثاء کے غم کو بخوبی جانتے ہیں۔

نائیجیریا میں ملت جعفریہ کے معروف رہنماء اور عالم دین علامہ ابراہیم زکزکی کے گھر پر نائیجرین آرمی نے حملہ کیا ہے اور ان کی زوجہ اور دونوں بیٹوں کو شہید کر دیا گیا ہے، اور انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ ہماری حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ علامہ ابراہیم زکزکی کی رہائی کیلیے سرکاری سطح پر نائیجیرین حکومت سے بات کی جائے اور ان کی رہائی کیلیے اپنا کردار ادا کیا جائے۔

قبل ازیں شہدائے اے پی ایس کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلیے جعفریہ اسٹوڈنٹس کی طرف سے تھلہ بموں شاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے کمسن شہداء نے مردہ قوم کو زندہ کیا اور ظلم و بربریت کے خلاف قوم کو طاقت بخشی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ پاراچنار کا واقعہ رونما ہونا تشویشناک بات ہے۔ پارا چنار سکیورٹی فورسز کے حصار میں ہے۔ انتہائی سخت انتظامات کے باوجود دہشتگرد کس طرح وہاں پہنچ گئے۔ دہشتگرد کسی بھی طرح رحم کے قابل نہیں۔ ظالموں کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا چاہیئے۔

تھلہ بموں شاہ تقریب میں تحصیل ناظم عمر امین گنڈہ پور، راجہ شوکت اور تحسین علمدار سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

506129

نظرات بینندگان
captcha