پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

IQNA

پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

8:45 - July 10, 2021
خبر کا کوڈ: 3509759
مجلس وحدت، شیعہ علما کونسل اور مختلف مذہبی جماعتوں کی درخواست پر یوم عظمت اہل بیتؑ اور مظاہروں کا انعقاد ہوا۔

  ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، شیعہ علما کونسل اور مختلف دیگر تنظیموں کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں "یوم عظمت اہلبیت ع” اور مظاہروں کا انعقاد  گیا۔جس کا مقصد خاندان رسالت کی عظمت و اہمیت کو بیان اور گستاخان کے خلاف فوری اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کرنا تھا۔ جمعہ کے خطبات میں آئمہ کرام نے عظمت اہلبیت ع پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی محبت کو ہر کلمہ گو کے لیے واجب قرار دیا۔نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد،کراچی،لاہور، پشاور،کوئٹہ ملتان، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عظمت اہلبیت ع کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام ، کارکنان اور سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

ریلیوں کی قیادت مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے کی۔اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے بعد ریلی کا آغازعلامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی کی قیادت میں امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخان اہلبیت ع کے خلاف اور عظمت اہلبیت ع پر نعرے درج تھے۔ مقررین نے ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے امامین برحق،اولاد رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم،

چہاردہ معصومین علیہم السلام کی گستاخی کرنے والوں کو توہین رسالت کا مجرم قرار دے کر سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

 علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استعماری طاقتیں وطن عزیز کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے آئے روز ایک نیا فتنہ کھڑا کر دیتی ہیں۔جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کر کے مذہبی منافرت کو ہوا دینا ہے۔ملک دشمنوں کے ایسے ناپاک عزائم ملکی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔مختلف مکاتب فکر کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنے کے لیے سازشوں کا جو جال بنا جا رہا ہے ریاست کو اس کا درک کرنا ہو گا۔

پاکستان؛ توہین اہل بیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے+ تصاویر

انہوں نے کہا کہ محرم کی آمد کے ساتھ ہی بھائی چارے کی فضا خراب کرنے کے لیے یہود ونصاریٰ کے آلہ کار متحرک ہو چکے ہیں۔مذہبی لبادوں میں چھپے تکفیری عناصر کے خلاف اگر ریاست نے کارروائی نہ کی تو ملک کے اندر خانہ جنگی کی آگ بھڑک سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقدسات پر کسی کو انگلی اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ امام موسی کاظم علیہ السلام اور خاندان رسالت کی دیگر شخصیات کے خلاف گستاخانہ کلمات ادا کرنے والوں کے خلاف ریاست خود مدعی بن کر توہین رسالت کے مقدمے کا اندراج کرے اور قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔

 

شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع ملیر کی جانب سے بعد از نماز جمعہ جامع مسجد اسٹیل ٹاؤن سے اللہ والی چورنگی تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ملعون گستاخ کی امام موسیٰ کاظم علیہ السلام اور آئمہ اطہار علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے خلاف جس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع ملیر کے صدر مولانا محمد حسین الحسینی ، مولانا سجاد حسین راجپر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع ملیر ، مولانا نوید باقری ، مولانا احمر ، مولانا محمد حسین امیری ، ضلع کابینہ کے برادران اور علاقے کے معزز حضرات نے شرکت کی۔

 

کوئٹہ میں بھی بعد از نماز جمعہ توہین اہل بیت و امام موسی کاظم علیہ السلام کی توہین کے خلاف مظاہرہ ہوا جس سے امام جمعہ سید ہاشم موسوی اور علامہ ولایت حسین جعفری نے خطاب کیا اور فرقہ واریت کو ایک بھڑکتی آگ قرار دیکر کہا کہ حکومت ان عناصر کو لگام دیں جو ملک کو فسادات میں ڈالنے کے درپے ہیں۔

 

دیگر شہروں میں بھی مقررین نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں اس پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار دیکھنا چاہتی ہیں۔افغانستان میں ایک کمزور سیاسی حکومت کو طالبان کے رحم و کرم پر چھوڑ کر امریکہ کا انخلا ایک بہت بڑی چال ہے جس سے پڑوسی ممالک بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہیں گے۔امریکہ اور اس کے حواری مذہب سمیت مختلف کارڈز استعمال کر کے پاکستان کو ہر طرف سے کمزور دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ چین کی طرف طاقت کی منتقلی کے عمل کو روکا جا سکے۔ پاکستان میں عبدالرحمان سلفی اور اورنگزیب فاروقی جیسے عناصر کے ایما پر مذہبی منافرت اور تکفیریت کے فروغ میں بھی انہی قوتوں کا ہاتھ ہے جو مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرنے کے لیے ڈالر و دینار کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی منافرت کا پرچار کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر کے سخت کارروائی میں جس قدر تساہل برتا جائے گا اس قدر ملکی سلامتی کے لیے خطرات شدید تر ہوتے جائیں گے۔/

نظرات بینندگان
captcha